رسول پور کالونی بھمبر کا 30 سالہ نکاسی آب مسئلہ حل ہونے کے قریب، فنڈز جاری

رسول پور کالونی بھمبر میں نالے کی توسیع اور سیلابی پانی کے مسئلے کے حل کے لیے جاری ترقیاتی کام
بھمبر کے محلہ رسول پور کالونی میں برسوں پرانا نکاسی آب کا مسئلہ حل ہونے کے قریب، نالے کی توسیع کے لیے فنڈز جاری کر دیے گئے۔
 بھمبر : محلہ رسول پور کالونی بھمبر شہر میں برسوں سے جاری ایک بڑا عوامی مسئلہ آخرکار حل ہونے جا رہا ہے۔ پہاڑی علاقوں سے آنے والا بارش کا پانی جب تنگ نالے سے گزرتا تھا تو اکثر گلیوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی تھی، جس کے باعث کئی گھروں میں پانی داخل ہو جاتا تھا اور اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ یہ مسئلہ گزشتہ پچیس سے تیس سال سے عوام کے لیے مستقل پریشانی بنا ہوا تھا۔

اہلِ علاقہ کے مطابق بارشوں کے موسم میں صورتحال انتہائی خراب ہو جاتی تھی اور پانی گھروں، گلیوں اور راستوں میں داخل ہو کر لوگوں کے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرتا تھا۔ متعدد مرتبہ شہریوں نے متعلقہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کروائی، تاہم مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہ ہو سکا۔

اب امیدوار مرزا ارسلان حسن کی مسلسل کوششوں اور تحریک پر سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے اس دیرینہ مسئلے کے فوری حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کر دیے ہیں تاکہ نالے کی توسیع اور تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جا سکے۔

علاقہ مکینوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر نالے کی توسیع بروقت مکمل ہو جاتی ہے تو برساتی پانی کی گزرگاہ بہتر ہو جائے گی اور ہر سال پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے نجات مل سکے گی۔

اس اہم پیش رفت پر اہلِ محلہ نے مرزا ارسلان حسن اور سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے علاقے کے عوام کو مستقل ریلیف ملے گا اور مستقبل میں بارشوں کے دوران گھروں اور گلیوں میں پانی داخل ہونے کے مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔

أحدث أقدم