اپنے کاروبار کی تشہیر کرائیں

اپنی دکان یا سروس آسانی سے لوگوں تک پہنچائیں

چنار فری ڈائلسز سنٹر بھمبر کے خلاف مہم افسوسناک، ادارے کو متنازعہ بنانے کے بجائے اصلاح و احتساب ضروری

Public circles support Chinar Free Dialysis Center Bhimber and urge reforms through proper accountability instead of social media campaigns.

چنار فری ڈائلسز سنٹر بھمبر میں مریضوں کو مفت ڈائلسز کی سہولت
چنار فری ڈائلسز سنٹر بھمبر کی خدمات کو عوامی خراج تحسین

 بھمبر : چنار فری ڈائلسز سنٹر بھمبر کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کو مختلف سماجی اور فلاحی حلقوں کی جانب سے افسوسناک قرار دیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس عظیم فلاحی منصوبے سے ہزاروں مریضوں اور ان کے خاندانوں کی امیدیں وابستہ ہیں، اس لیے ادارے کو متنازعہ بنانے کے بجائے اصلاح اور احتساب کا مؤثر طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے۔


سماجی شخصیات اور شہریوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اگر انتظامیہ سے کسی قسم کی غلطی یا کوتاہی ہوئی ہے تو اس کی اصلاح مناسب فورمز کے ذریعے ہونی چاہیے، کیونکہ سوشل میڈیا کسی ادارے کے احتساب یا مسائل کے حل کا درست پلیٹ فارم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے نہ کہ ایسے فلاحی منصوبوں کو نقصان پہنچانے کے لیے۔


چنار فری ڈائلسز سنٹر بھمبر کو خطے کا ایک منفرد اور مثالی فلاحی ادارہ قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ یہاں ماہانہ کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں تاکہ گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ڈائلسز کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے سینکڑوں مریض اس ادارے سے استفادہ کرتے ہیں جبکہ ہزاروں اہل خیر اس مشن میں مالی معاونت اور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔


عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ چنار فری ڈائلسز سنٹر نہ صرف بھمبر بلکہ گردونواح کے وسیع علاقے کے لیے امید کی کرن بن چکا ہے۔ ایسے وقت میں جب علاج معالجہ کے اخراجات عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں، اس قسم کے فلاحی منصوبے معاشرے کے لیے بہت بڑی نعمت ہیں۔


اس موقع پر مرحوم چوہدری غلام احمد اور مرحوم پروفیسر اصغر شاد کی خدمات کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ دونوں شخصیات نے شبانہ روز محنت اور خلوص کے ساتھ اس ادارے کی بنیاد رکھی اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کو عملی شکل دی۔ ان کی کاوشوں کی بدولت آج سینکڑوں مریض نئی زندگی پا رہے ہیں۔


شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھمبر کے عوام اور اہل درد اس فلاحی شمع کو بجھنے نہیں دیں گے بلکہ اس ادارے کی بہتری، شفافیت اور استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات یا انتظامی مسائل کو بنیاد بنا کر ایسے اداروں کو نقصان پہنچانا کسی طور مناسب نہیں۔


مقررین نے اہل خیر، سماجی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ چنار فری ڈائلسز سنٹر بھمبر جیسے فلاحی منصوبوں کا ساتھ دیں تاکہ ضرورت مند مریضوں کی خدمت کا یہ سفر جاری رہ سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

Hamara Bhimber Digital Welcome to WhatsApp chat
Howdy! How can we help you today?
Type here...