![]() |
| کسگمہ میں سیاسی رہنماؤں کی چوہدری طارق فاروق کی حمایت کا اعلان |
بھمبر: سابق ممبر کشمیر کونسل اور رہنما مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر راجہ بابر علی ذوالقرنین کی رہائش گاہ دھماوہ ہاؤس کسگمہ میں سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی حمایت میں ایک اہم سیاسی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
میٹنگ میں ممبر ضلع کونسل راجہ فاروق اقبال، سید افتخار شاہ، کونسلر چوہدری سفیر احمد سمیت دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ شرکاء نے موجودہ سیاسی صورتحال، علاقائی ترقی اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر بزرگ سیاسی شخصیت راجہ ولید خان، راجہ قیصر ذوالقرنین، وائس چیئرمین ضلع کونسل بھمبر راجہ خاور ہوشیار، کونسلر راجہ محمد صفدر، راجہ عامر ہوشیار کلری اور دیگر افراد نے خصوصی شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران مقررین نے سابق سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ راجہ بابر علی ذوالقرنین کی قیادت میں علاقے کی عوام متحد ہے اور آئندہ الیکشن میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائی جائے گی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دھماوہ وارڈ سمیت یونین کونسل کسگمہ کے تمام علاقوں سے چوہدری طارق فاروق کو بھرپور سپورٹ اور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کر سکیں۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موضع دھماوہ کی عوام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی بھرپور اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی اور پولنگ کے دن تاریخی کامیابی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، سیاسی بصیرت اور علاقائی ترقی کے حوالے سے چوہدری طارق فاروق کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔
شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مثبت کردار ادا کرے گی۔
