بھمبر : پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کی جانب سے ابھی تک کسی بھی انتخابی حلقے کے لیے جماعتی ٹکٹوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں چوہدری طارق فاروق نے بعض میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں مختلف امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری ہونے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض افراد ریٹنگ اور توجہ حاصل کرنے کے لیے اپنے تجزیوں اور قیاس آرائیوں کو خبر کا رنگ دے رہے ہیں، جو صحافت کے بنیادی اصولوں اور پیشہ ورانہ اقدار کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات نہ صرف سیاسی ماحول کو متاثر کرتی ہیں بلکہ کارکنان اور عوام میں بھی بے چینی پیدا کرتی ہیں۔
چوہدری طارق فاروق نے امید ظاہر کی کہ میڈیا سے وابستہ افراد ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیتے ہوئے غیر مصدقہ خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کریں گے اور صرف مستند معلومات کو عوام تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی جانب سے جب بھی جماعتی ٹکٹوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا تو اسے مرکزی قیادت اور پارلیمانی بورڈ کے ذریعے عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
